Essay on Imtihan Ke Fawaid Aur Maqsad In Urdu

0

امتحانات کے فوائد اور مقاصد

“علم حاصل کرنا ہر مسلمان مرد و عورت پر فرض ہے”
مندرجہ بالا حدیثِ نبوی سے ہمیں علم کی اہمیت کا اندازہ ہوجاتا ہے۔ ایسے ہی اللہ اور اللہ کے رسول نے علم کی اہمیت و فرضیت پر بہت زور دیا ہے۔ علم حاصل کرنا جہاں دینی طور پر نہایت اہم خیال کیا جاتا ہے وہیں دنیاوی طور پر بھی علم کو بےانتہاء اہمیت حاصل ہے۔

دینی تعلیم اور مقصد

دینی علم کا مقصد انسان کو باشعور بنانا ہے۔ اللہ پاک نے انسان میں تجسس کا مادہ رکھا ہے جس کی وجہ سے وہ دنیا و آسمان اور قدرت کے بےپناہ رازوں سے پردہ اٹھا چکا ہے لیکن انسان میں تجسس کو بیدار کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اسے تعلیم دی جائے۔ وہ علم حاصل کرے اور پھر جوں جوں وہ قدرت کے مناظر دیکھتا جائے اُس کا ایمان مضبوط سے مضبوط تر ہوتا جائے۔

دنیاوی تعلیم کا مقصد

اسی طرح دنیاوی علم کا مقصد اس دنیا میں آگے بڑھنا ہے۔ سیکھنے کے علاوہ علم حاصل کرنا آج کے دور میں اولین ترجیحات میں شمار کیا جاتا ہے کیونکہ دورِ حاضر نہایت مشکل ترین اور مہنگا دور ہے۔ اس دور میں جینے کے لیے ضروریاتِ زندگی کو مکمل کرنے کے لیے انسان کا تعلیم یافتہ ہونا نہایت اہم ہے۔ چونکہ اس علم کو حاصل کرنے کے بعد انسان کو بہت سے فوائد ملیں گے، اُسے روزگار ملے گا تو ضروری ہے کہ ایسا نظام قائم کیا جائے جس سے اس بات کا اندازہ لگایا جاسکے کہ کون سا شخص کس قابل ہے۔ ایسے ہی ایک نظام کو ہمارے معاشرے میں امتحان کا نام دیا جاتا ہے۔

امتحانات کے فوائد

امتحانات کا سامنا ایک شخص کو ازل سے ابد تک ہی کرنا پڑتا ہے۔ ہمارے تعلیمی نظام میں سالانہ امتحانات نہایت اہم خیال کیے جاتے ہیں۔ ہر سال امتحان میں کامیابی حاصل کرنے پر طالب علم کو اگلی جماعت میں بھیج دیا جاتا ہے۔ امتحانات کا یہ فائدہ ہوتا کہ طلباء آگے نکلنے کی جستجو میں مزید دلچسپی سے پڑھتے ہیں جن سے انھیں زیادہ معلومات ملتی ہے جو زندگی کے مختلف حصوں میں ان کے لیے آسانی کا باعث بنتی ہے۔

امتحانات دیتے ہوئے طلباء کی ایمانداری اور دیانتداری کا بھی امتحان ہوتا ہے۔ اس موقع پر اساتذہ بچوں کے دلوں کو خدا کے موجود ہونے کا یقین بھی دلا سکتے ہیں جس کے بعد وہ تاحیات تنہائی کے عالم میں بھی ہر قسم کے گناہ سے خود کو بچا کر رکھنے کی کوشش کرے گا۔ امتحانات کے نتائج کے دوران طلبہ کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے جس سے اُن میں اور باقی تمام طالب علموں میں بھی علم کی جانب مزید شوق پیدا ہوتا ہے۔

امتحان کا مقصد

امتحان لینے کا مقصد بچوں کو نظم و ضبط کا پابند بنانا بھی ہوتا ہے کیونکہ امتحان کے دوران طلباء کو کمرہ امتحان کے اصولوں کا خاص خیال رکھنا پڑتا ہے۔

امتحانات کی اہمیت

اگر امتحانات کا سلسلہ کچھ وقت کے لیے روک دیا جائے تو طالب علم پڑھنا ہی چھوڑ دیں اور جو اپنے شوق کی خاطر پڑھیں بھی، اُس نے ایک عرصے میں کتنا سیکھا اور کتنا نہیں اس کا اندازہ ہی نہیں ہوسکتا اس لیے ہمارے معاشرے میں تعلیمی نظام کے نظم و ضبط کو قائم رکھنے میں امتحانات بطورِ اہم کڑی اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔