Essay On Electricity In Urdu

0

سائنس نے انسانوں کو بہت سی ایجادات سے نوازا ہے جس میں بجلی بھی ایک ایسی ایجاد ہے جس سے انسان کے بہت سے روز مرہ کے کام وابستہ ہیں۔بجلی کا ایجاد کر کے دانشمندوں نے ہم پر بہت ہی بڑا احسان کیا ہے ۔ ہماری زندگی میں بجلی کا بہت بڑا رول ہے ۔ بجلی توانائی کا ایک طاقتور ذریعہ ہے جس کا استعمال کئی طرح کے کاموں کو کرنے کے لئے کیا جاتا ہے۔

بجلی پانی سے تیار کی جاتی ہے۔ بجلی دانشمندوں کے ایجاد کی ایک ایسی ندی ہے جس کے بنا جدید زندگی کا تخیل بھی ممکن نہیں۔‌ بجلی سے طرح طرح کے کام کیے جاتے ہیں اور کئی کام ایسے ہیں جن کو کرنے میں انسان کا کافی وقت زیاں ہو جاتا ہے لیکن اگر بجلی کا استعمال کرکے وہ کام انجام دیے جائیں تو منٹوں میں پورے ہو سکتے ہیں۔ جیسے پرانے زمانے میں لوگ دودھ سے گھی اور پنیر بنانے میں پورا پورا دن لگا دیتے تھے لیکن آج سائنس اور ٹیکنالوجی کے اس دور میں بجلی پر چلنے والی ایسی مشینیں رائج ہو گئی ہیں جو دنوں کا کام منٹوں میں کر سکتی ہیں۔ آج سائنس اور ٹیکنالوجی کے اس دور میں بجلی کے استعمال سے رات کو دن میں تبدیل کیا جا سکتاہے۔ 

بجلی آج ہماری زندگی کا ایک ضرورت مند حصہ بن چکی ہے ۔ آج وقت کے ساتھ ساتھ گھروں میں بجلی کا استعمال اور زیادہ بڑھ گیا ہے ۔ اگر کچھ دیر کے لیے بجلی چلی جائے تو سب بہت پریشان ہوجاتے ہیں ۔ آج کے جدید دور میں بجلی انسانی زندگی کی ایک بہت بڑی ضرورت بن گئی ہے جس کے بنا انسان کسی بھی کام کو کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکتا ہے۔

بجلی کا ایک بہت بڑا رول ہماری تعلیمی زندگی میں بھی ہے۔ بہترین تعلیم حاصل کرنے کے لئے ہمیں موبائل فون اور لیپ ٹاپ کی ضرورت ہوتی ہے جن کو چارج کرنے کے لئے بجلی کا استعمال کیا جاتا ہے۔آج کے اس ترقی یافتہ دور میں ہم گھر بیٹھے بیٹھے انٹرنیٹ کے ذریعے بغیر کسی استاد کے تعلیم حاصل کرسکتے ہیں اور اس انٹرنیٹ کو چلانے کے لئے بجلی کا ہونا لازمی ہے۔

بجلی سے چلنے والے سامان اور  بجلی کے معجزہ کو چاروں طرف دیکھا جا  سکتا ہیں۔ آج کے وقت میں روشنی ، ہوا ، گرمی اور سردی وغیرہ سے بچنے کے لئے بجلی کا ہی استعمال کیا جاتا ہے۔ آج ہر گھر میں روشنی اور ہوا دینے والے پنکھے، اے-سی اور کولر موجود ہیں جن سے ہماری زندگی آرام دہ ہو گئی ہے۔

آج سڑکوں ، دکانوں اور گھروں میں روشنی کے جو انتظامات ہیں وہ صرف بجلی کی وجہ سے ممکن ہیں ۔  آج کے وقت میں ہم رات کو بھی وہ سب کام کر سکتے ہیں جو صرف دن میں ہی کیے جاتے تھے۔ آج بجلی کا استعمال گھر کے ہر چھوٹے بڑے کاموں میں کیا جاتا ہے۔ بجلی کے ہیٹر استعمال کرکے کھانا پکایا جاتا ہے، بجلی کی وجہ سے کپڑوں پر پریس کی جاتی ہے ۔بجلی کی وجہ سے ہم دور دور تک ہونے والے پروگرام کو بھی ٹیلی ویژن کے ذریعے آسانی سے سن اور دیکھ سکتے ہیں۔

بجلی کا استعمال بھاری مشینوں میں بھی کیا جاتا ہے۔ اس کا سب سے زیادہ استعمال ٹرانسپورٹ سسٹم میں ہوتا ہے۔ آج کل بجلی پر دوڑنے والی بہت سی ایسی گاڑیاں ایجاد ہو چکی ہیں جن سےہم سینکڑوں کلومیٹر کی دوری کچھ ہی وقت میں طے کر لیتے ہیں۔ ٹیلی فون ، ریڈیو ، موبائل کا استعمال بھی بجلی کی فراہمی کی وجہ سے ممکن ہو پایا ہے ۔ آج ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے مختلف پروگراموں کو گھر بیٹھے بیٹھے ہم اپنی آنکھوں سے دیکھ اور سن سکتے ہیں۔اور یہ سب سائنس کی اس بے مثال ایجاد کی وجہ سے ممکن ہو پایا ہے۔

آج ہم بہت سے کھیلوں جیسے کرکٹ ، فٹبال ، کبڈی ، اور ہاکی کا سیدھا نظارہ ہم ٹیلی ویژن پر دیکھ سکتے ہیں جس کو استعمال کرنے کے لئے بجلی کا ہونا لازمی ہے۔ بجلی کا استعمال بہت زیادہ مقدار میں کیا جاتا ہے ۔ اسی وجہ سے اس کے استعمال کو گننا بہت زیادہ مشکل ہو گیا ہے ۔ بجلی نے  ہماری زندگی کو ہر جگہ اور ہر موڑ پر بہت زیادہ متاثر کیا ہے۔  آج کے اس ترقی یافتہ دور میں بجلی کے بنا شہری زندگی کا تخیل بھی نہیں کیا جاسکتا۔

مستقبل میں بجلی کا استعمال اور بھی زیادہ بڑھ جائے گا کیونکہ دن بدن ہمارے ملک کی آبادی میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ مشکل سے کوئی گھر ایسا ہو گا جس میں بجلی کا استعمال نہ کیا جاتا ہو۔ بجلی ہماری زندگی کی ضرورت بن چکی ہے۔ اس کے بنا زندگی آسان نہیں ہے۔ اس لیے ہمیں چاہئے کہ سائینس کی اس بے مثال ایجاد کا صحیح استعمال کریں اور اپنے مستقبل کو روشن کریں۔