Essay On Forest In Urdu

0

جنگلات کے فوائد پر ایک مضمون

جنگل زمین کے ایسے قطعہ کو کہا جاتا ہے جس پر بڑی تعداد میں درخت ہوں۔جانوروں کی کئی اقسام کو جنگل کی اپنی بقا اور زندگی کے لئے اشد ضرورت ہوتی ہے۔ جنگل جس کا صیغہ جمع م جنگلات ہے، دنیا میں تقریباً ہر جگہ پائے جاتے ہیں اور ان کی ماحولیاتی اہمیت کے سبب نہایت قدر سے دیکھے جاتے ہیں۔

اگرچہ ان کی ماحولیاتی اہمیت اور حیواناتی زندگی کے ساتھ اہم ربط ہے مگر پھر بھی دنیا بھر میں جنگلات کے کٹاؤ کا عمل جاری ہے۔ اس کی بڑی وجہ دنیا میں بڑھتی ہوئی انسانی آبادی ہے جس کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے جنگلات کا یہ دریغ کٹاؤ کیاجارہاہے۔ جنگلات کے کٹاؤ کی وجہ سے نہ صرف ماحول بلکہ انسان اور دوسرے جانوروں کی حیاتیاتی تنوع پر برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

عام طور پر جنگلات میں اوسط درجہ حرارت 3 سے5 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہتا ہے اور کم سے کم درجہ حرارت 6 سے 10 ڈگری سنٹی گریڈ تک رہتا ہے۔ لیکن دنیا میں کئی جگہوں پر جنگلات میں درجہ حرارت 20 سے 27 ڈگری سنٹی گریڈ بھی ماپا جا چکا ہے۔جنگلات میں دوسرے قطعات زمین کی نسبت بارش زیادہ برستی ہے اور یہاں پر درجہ حرارت نسبتاً کم ہوتا ہے۔ یہی بارش جنگلات میں نباتاتی تنوع اور درخت جانوروں کی رہائش اور خوراک کا ذریعہ ہوتے ہیں۔

جنگلات کے فوائد اور اہمیت

جنگلات کسی بھی ملک کی معیشت کا لازمی جز ہیں۔ملک کی متوازن معیشت کے لئے ضروری ہے کہ اس کے پچیس فیصد رقبے پر جنگلات ہوں۔ جنگلات قدرتی وسائل کا بڑا ذخیرہ ہوتے ہیں۔ پاکستان میں صرف 4.5 فیصد رقبے پر جنگلات پھیلے ہوئے ہیں۔ پاکستان میں جنگلات کا رقبہ اس لیے بھی کم ہورہا ہے کہ یہاں پر جنگلات کو بے رحمانہ طریقے سے کاٹا جا رہا ہے۔مکانات کی تعمیر کے لئے جنگلات کی زمین کو استعمال کیا جا رہا ہے اور پھر ہر سال دریا بھی کٹاؤ کا کام کر رہے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ جنگلات کے اگانے کے لیے مزید زمین مختص کی جائے اور درختوں کی غیر ضروری کٹائی کو بند کیا جائے۔جنگلات کے مندرجہ ذیل فوائد ہیں۔

  • 1۔ جنگلات ملک کے اہم وسائل میں سے ایک ہیں اور یہ اس ملک کی عمارتی لکڑی اور جڑی بوٹیوں کی ضروریات کو پورا کرتے ہیں۔
  • 2۔ جنگلات درجہ حرارت کو اعتدال پر رکھتے ہیں اور اطراف کے موسم کو خاص طور پر خوشگوار بناتے ہیں۔
  • 3۔ جنگلات زمین کی زرخیزی قائم رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔
  • 4۔ جنگلات سے حاصل شدہ جڑی بوٹیاں ادویات میں استعمال ہوتی ہیں۔
  • 5۔ جنگلات جنگلی حیات کا ذریعہ اور سبب ہیں۔ بے شمار جنگلی جانور یعنی شیر، چیتا اور ہرن وغیرہ جنگلات میں ہی پائے جاتے ہیں۔
  • 6۔ جنگلات جلائی جانے والی لکڑی کا سب سے بڑا ذخیرہ ہیں۔
  • 7۔ جنگلات زمین کے حسن و دلفریبی میں اضافہ کرتے ہیں۔
  • 8۔ جنگلات بہت سے وسائل کا ذریعہ اور ماخذ ہیں۔ مثلاً جنگلات سے حاصل کردہ لکڑی فرنیچر، کاغذ، ماچس اور کھیلوں کا سامان تیار کرنے میں استعمال ہوتی ہیں۔
  • 9۔ جنگلات پہاڑوں پر جمی ہوئی برف کو تیزی سے پگھلنے سے روکتے ہیں اور زمین کے کٹاؤ پر بھی قابو رکھتے ہیں۔
  • 10۔ جنگلات انسانوں اور قدرتی نباتات کو تیز رفتار آندھی اور طوفان کی تباہی اور بربادی سے محفوظ رکھنے میں مدد کرتے ہیں۔
  • 11۔ بھیڑ، بکری، اونٹ جیسے حیوانات اپنی غذا انہی جنگلات سے حاصل کرتے ہیں۔
  • 12۔ جنگلات تفریحی مقامات کے کام آتے ہیں اور لوگ ان کے خوبصورت اور حسین مناظر سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
  • 13۔ جنگلات مختلف اقسام کے جانوروں اور پرندوں کی افزائش اور نشونما کا ذریعہ بنتے ہیں۔

ان کے علاوہ بھی جنگلات کے بہت سے فائدے ہیں۔ اس لئے ہمیں چاہئے کہ قدرت کی اس عظیم نعمت کا شکر ادا کریں اور ماحول کو حسین اور صاف و شفاف رکھنے کے لیے زیادہ سے زیادہ پیڑ پودے لگائیں۔