Advertisement

صبح کی سیر

خدا کی بنائی ہوئی یہ دنیا بہت خوبصورت ہے اور اس دنیا کا سب سے خوبصورت نظارا صبح کے وقت دیکھنے کو ملتا ہے۔ اور اس خوبصورت نظارے کا مزہ وہی لے سکتے ہیں جو صبح صبح اٹھ کر سیر کیلئے نکلتے ہیں۔

Advertisement

صبح کی سیر کے فوائد

صبح کی سیر کرنے والے دماغ اور جسم دونوں سے بالکل تروتازہ رہتے ہیں۔ صحت ایک دم درست رہتی ہے اور بیماریاں ان سے دور رہتی ہیں۔اور جو لوگ صبح دیر سے سو کر اٹھتے ہیں وہ صبح کے خوبصورت نظارے سے تو محروم رہتے ہی ہیں، اس کے علاوہ دماغ تروتازہ نہ ہونے کی وجہ سے چڑچڑاپن اور بیماریوں میں مبتلا رہتے ہیں۔ بدن میں سستی سی رہتی ہے۔

صبح کی سیر سے بیماریوں کا علاج

صبح کی سیر کرنے سے انسان کی بہت سی بیماریاں خود بخود ٹھیک ہو جاتی ہیں۔ ڈاکٹر بھی بیمار انسان کو صبح ٹہلنے کی تاکید کرتے ہیں۔ آجکل شوگر کی بیماری کا بڑھنا جیسے عام ہو گیا ہے۔ شوگر کے مریضوں کو صبح ٹہلنا بہت زیادہ ضروری ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ شوگر کے مریض جتنا زیادہ صبح کے وقت پیدل چلیں گے ان کے لئے اتنا زیادہ اچھا ہے۔ اس سے ان کا شوگر برابر رہیگا اور صحت اچھی رہے گی۔

صبح کی سیر کرنے سے پیٹ صاف رہتا ہے جس کی وجہ سے چہرے پر ایک چمک سی آتی ہے۔ پھیپھڑوں میں تازہ ہوا جانے سے وہ بالکل درست رہتے ہیں اور اپنا کام لمبے وقت تک کرتے ہیں۔صبح کے وقت سیر کرنے سے جسم کی اچھی ورزش ہو جاتی ہے۔ سارا دن دل خوش رہتا ہے اور چہرے پر سارا دن ایک مسکراہٹ رہتی ہے۔

کام کرنے میں تھکان نہیں محسوس ہوتی اور فرتی ہونے کی وجہ سے کام جلدی ہوتا ہے جس سے انسان زیادہ کام کرسکتا ہے۔ صبح کی سیر اکیلے بھی ہوسکتی ہے لیکن جب ایک سے دو لوگ ہوں یا دو سے تین لوگ ہوں تو اس کا لطف اور زیادہ ہی بڑھ جاتا ہے۔

Advertisement

قدرتی مناظر

صبح فجر کی نماز پڑھنے کے بعد جب انسان سیر کو نکلتا ہے تو قدرت کے بنائے ہوئے خوبصورت نظارے کو اپنی آنکھوں سے دیکھتا ہے اور اس کا لطف اٹھاتا ہے۔ صبح کے نظارے کی بات ہی کچھ الگ ہوتی ہے۔ ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں٬ سوندھی سوندھی خوشبو٬ ہلکی ہلکی ہوا سے اڑتے ہوئے پتے٬ پیڑوں کی ڈالی پر بیٹھے ہوئے پرندے اور پرندوں کا میٹھی میٹھی آواز میں چہچہانا۔ ایسا لگتا ہے کہ پرندے بھی صبح کی سیر کا لطف اٹھا رہے ہوتے ہیں۔ یہ سارا منظر بہت ہی زیادہ خوبصورت لگتا ہے۔

پھولوں کی دنیا

صبح کے وقت باغوں کا بھی منظر بہت ہی خوبصورت لگتا ہے۔ رات کی کلیاں صبح کھل کر پھول میں تبدیل ہو جاتی ہیں۔ پھولوں اور پتیوں پر شبنم کی بوندیں گری ہوتی ہیں اور کچھ تازہ کلیاں بھی آجاتی ہیں۔ پورا باغ ہرا بھرا اور رنگیں نظر آتا ہے۔ چاروں طرف ہلکی ہلکی خوشبو مہکتی ہے۔ ان سب کو دیکھنے کے بعد جب دھیرے دھیرے سورج کی کرنیں نکلنا شروع ہوتی ہیں تو صبح کی سیر کی خوبصورتی کا لطف دوبالا ہوجاتا ہے۔ اللہ کی بنائی ہوئی ہر چیز واقعی لاجواب ہے۔

انسان کو اپنی زندگی کا تھوڑا سا وقت نکال کر صبح کی سیر کے لیے ضرور جانا چاہیے۔ جس سے وہ خوشحال٬ خوش مزاج اور صحت مند تو رہیگا ہی اس کے ساتھ ساتھ خدا کی بنائی ہوئی ہر مخلوق سے بھی واقف ہوتا رہے گا۔