میرا ملک پاکستان مضمون

0

میرا ملک پاکستان مضمون

تشکیلِ پاکستان

ہندوستان کے مسلمانوں میں جب شعور پیدا ہوا اور ان کا ہندوؤں کے ساتھ رہنا ناگزیر ہوگیا تو انھوں نے ایک الگ وطن کا مطالبہ کیا اور بہت سی قربانیوں کے بعد چودہ اگست ۱۹۴۷ء کو پاکستان وجود میں آیا۔ اس روز ستائیس رمضان المبارک بھی تھا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان مسلمانوں کے لیے اللہ کی رحمت ہے۔

اسلام کے نام پر حصولِ وطن

پاکستان دنیا میں واحد ملک ہے جو ہمارے دینِ اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا۔ جسے مسلمانوں نے اسلام پر عمل کرنے کے لیے حاصل کیا۔ جہاں مسلمانوں نے اللہ پاک کے احکامات پر آزادی سے عمل کیا۔

پاکستان اور غیر مسلم

پاکستان ایک ایسا وطن ہے جہاں غیر مسلموں کو بھی ان کے مکمل حقوق دیئے جاتے ہیں اور ان کو اپنے مذہب کے مطابق عبادت کرنے سے بھی نہیں روکا جاتا ہے۔ اسلام ہمیں برابری و مساوات کا درس دیتا ہے جس کا بہت بڑا ثبوت پاکستان میں موجود غیر مسلموں کے حقوق ادا کرنا ہے۔

پاکستان کا مقصد

پاکستان حاصل کرنے کا مقصد اللہ اور اس کے رسول کی تعلیمات پر عمل کرنا تھا۔ پاکستان کو ایک ایسا ملک تصور کیا گیا تھا جہاں کسی کو بھی اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے سے روکا نہیں جائے گا بلکہ سب کو برابر کے حقوق دیئے جائیں گے اور سب کی مدد کی جائے گی۔

پاکستان حاصل کرنے کے مقاصد اور ہم

پاکستان حاصل کرنے کا ایک مقصد یہ بھی تھا کہ یہ ملک انصاف پسند ہوگا لیکن آج کل ہم اس ملک کے حصول کا مقصد بھول بیٹھے ہیں۔ یہ ملک انصاف فراہم کرنے اور سب کو برابری کا حق دینے کے لیے حاصل کیا گیا تھا لیکن آج یہاں انصاف عام حالات تو چھوڑیں عدالتوں میں بھی موجود نہیں۔ برابری کے حق دور کی بات یہاں غریبوں کو ان کے بنیادی حقوق سے بھی مرحوم کردیا گیا ہے۔ پاکستان حاصل کرنے کا مقصد اللہ کے دین کی پیروی کرنا تھا لیکن آج اس ملک میں ہمیں ہر جگہ ایسے کام ہوتے نظر آرہے ہیں جس سے اللہ پاک نے منع فرمایا ہے جیسے کہ چوری ، رشوت ، زنا وغیرہ وغیرہ۔

پاکستان اللہ کا احسان

اس ملک میں اتنا کچھ ہوجانے کے باوجود بھی اگر یہ ملک قائم و دائم ہے تو یقیناً یہ اللہ کا کوئی بہت بڑا معجزہ ہی ہے۔ پاکستان پر اللہ تعالی کے بہت سے احسانات ہیں۔ پاکستان وہ خوش نصیب ملک ہے جسے اللہ پاک نے چاروں موسموں سے نوازا ہے۔ پوری دنیا میں سب سے بڑی نمک کی کان بھی پاکستان میں موجود ہے۔ پاکستان میں کوئلہ اور مختلف قسم کی معدنیات کثیر تعداد میں پائی جاتی ہیں۔ پاکستان میں میتھین گیس ‘ ماربل وغیرہ بھی موجود ہیں۔

پاکستان کے شہر سیالکوٹ سے کھیلنے کا سامان پوری دنیا میں بھیجا جاتا ہے۔ پاکستان میں کاشت کیے جانے والے چاول بھی دوسرے ممالک میں بھیجے جاتے ہیں۔ پاکستان میں موجود کے-ٹو کا پہاڑ دنیا میں دوسرے نمبر پر سب سے اونچا پہاڑ ہے۔ اس کے علاوہ بھی اللہ تعالی نے پاکستان کو بہت سی قیمتی نعمتوں سے نوازا ہے۔ اس لیے ہمیں چاہیے کہ اللہ پاک کی نعمتوں کی قدر کریں اور اس کا شکر ادا کرتے ہوئے پاکستان حاصل کرنے کے مقصد کو یاد رکھیں اور اس پر عمل کرنے کی کوشش کریں۔