ریڈیو پر مضمون | Essay on Radio in Urdu

0

مفید ایجاد

ریڈیو ایک نہایت مفید ایجاد ہے۔ بظاہر تو یہ ایک ڈبہ سا ہوتا ہے جس کے اندر کچھ پرزے ایک خاص تربیت کے ساتھ رکھے ہوتے ہیں لیکن یہ بڑے کام کی چیز اور ہزاروں میلوں سے آنے والی آواز کو اسی وقت سے ہمارے کانوں تک پہنچا دیتا ہے۔ پہلے تو ریڈیو زیادہ تر بجلی ہی پر کام کرتا تھا اور جہاں بجلی نہیں ہوتی وہاں بیٹری سے چلنے والا ریڈیو استعمال کیا جاتا تھا مگر گزشتہ چند سالوں سے ایک نئی قسم کا ریڈیو ایجاد ہوچکا ہے جس میں خشک سیل استعمال ہوتے ہیں۔ یہ ٹرانسسٹر ریڈیو کہلاتا ہے اور گھر کے علاوہ سفر میں بھی کام دیتا ہے بلکہ اب تو چھوٹے ٹرانسسٹر بھی ایجاد ہو چکے ہیں۔

ریڈیو اور ملکی حالات

ریڈیو سے بڑا کام سننے کا لیا جاتا ہے۔ ہم گھر بیٹھے ہر ملک سے نشر ہونے والی خبریں سن سکتے ہیں اور دنیا میں ہونے والے واقعات و حالات سے ہر آن باخبر رہ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ خبروں پر تبصرہ بھی نشر ہوتا ہے اور خبروں کا تجزیہ بھی پیش کیا جاتا ہے۔

ریڈیو اور علمی رہنمائی

خبروں کے علاوہ ریڈیو سے مختلف موضوعات پر تقریریں بھی نشر ہوتی ہیں۔ ہم ان تقریروں کو سن کر بہت سے امور میں رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔ مذہبی تقاریر سے ہماری مذہبی معلومات میں اضافہ ہوتا ہے اور ادبی تقاریر سے ہمیں ادبی واقفیت حاصل ہوتی ہے۔

ریڈیو اور تعلیمی رہنمائی

مشہور اساتذہ ایسے اسباق بھی ریڈیو سے نشر کرتے ہیں جو امتحانی اعتبار سے ہمارے لیے بہت مفید ہوتے ہیں بلکہ اب تو اکثر ریڈیو سٹیشنوں سے باقاعدہ سکول براڈکاسٹ اور یونیورسٹی میگزین پروگرام نشر ہونے لگے ہیں جن سے طالبعلموں کے لئے ریڈیو اور زیادہ مفید بن گیا ہے۔

ریڈیو اور تفریح

ریڈیو پر اکثر معیاری ڈرامے، مکالمے، فیچر کہانیاں اور مباحثے بھی نشر ہوتے ہیں جن کی افادیت مسلم ہے۔ یہ جہاں تفریح کا سامان فراہم کرتے ہیں وہاں ان سے معلومات میں بھی اضافہ ہو تا ہے اور اخلاقی سبق بھی حاصل ہوتے ہیں۔

ریڈیو اور موسیقی

ریڈیو کے ذریعے ہلکے ہلکے تفریحی پروگرام بھی پیش کیے جاتے ہیں۔ چناچہ ہلکے ہلکے گیت اور فلمی گانے بھی قاعدگی سے پیش کیے جاتے ہیں۔ ان کے علاوہ موسیقی کا درس بھی دیا جاتا ہے اور کلاسیکی بھی پیش کی جاتی ہے۔ چنانچہ ریڈیو کے ذریعہ سے ہم موسیقی کے فن سے آگاہ ہو سکتے ہیں۔ مشہور فنکاروں سے بھی واقفیت حاصل کرتے ہیں اور تفریح کا لطف بھی اٹھاتے ہیں۔

ریڈیو اور تجارت

ریڈیو پر تجارتی معلومات بھی نشر کی جاتی ہیں اور منڈی کے بھاو بھی بتائے جاتے ہیں۔ اس طرح ہم روز بروز بدلتے ہوئے نرخوں سے بھی آگاہ ہوتے رہتے ہیں اور اشیاء کے بھاؤ کے اتار چڑھاؤ سے واقفیت حاصل کرتے ہیں۔

فائدہ مند ایجاد

ریڈیو کے بے شمار فائدے ہیں۔ اپنی اپنی پسند کے مطابق پروگرام کی تفصیل روزانہ پہلے ہی نشر بھی کی جاتی ہے اور بعض اخبارات میں بھی شائع کر دی جاتی ہیں۔ جس کی روشنی میں ہم جو پروگرام چاہیں مقررہ وقت پر سن سکتے ہیں۔

ریڈیو موجودہ زمانے میں گھر گھر کی ضرورت بن چکا ہے اور اس کا ہونا یقینی ضروری ہے کیونکہ اس سے نہ صرف طالب علم اور پڑھا لکھا طبقہ مستفید ہوتا ہے بلکہ ان پڑھ لوگ بھی فائدہ اٹھاتے ہیں۔ جہاں کسانوں اور مزدوروں کے پروگرام پیش کیے جاتے ہیں وہاں بچوں، طالب علموں اور بڑوں کے پروگرام بھی سننے کے قابل ہوتے ہیں۔ بلاشبہ یہ دور جدید کی اہم ضرورت اور فائدہ مند ایجاد ہے۔