موسم بہار پر ایک مضمون | Essay On Mosam e Bahar/Spring Season

0

بہار کا موسم سب موسموں سے زیادہ خوشگوار ہوتا ہے۔اس موسم میں سہانہ سماں اور دلفریب نظارے باغوں۔کوہساروں اور لالہ زاروں میں ہوتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ اس موسم کو موسموں کا بادشاہ کہا جاتا ہے۔باغ میں پھول کھلے ہوتے ہیں، درخت سرسبز اور شاداب ہوتے ہیں۔باغ کا ذرہ ذرہ خوش نظر آتا ہے، پرندے مست ہوتے ہیں اور درخت کی ڈالیوں پر جھومتے نظر آتے ہیں۔بعض پرندے جو سردی کے موسم سرد ملکوں سے چلے جاتے ہیں،اس موسم میں آکر بہار سے لطف حاصل کرتے ہیں۔پپہیے کی پی، پی۔موروں کا ناچنا اور بلبل کے رس بھرے گیت اور قمری کا نعرۂ حق سن کر دل و دماغ میں خوشی کی لہر دوڑ جاتی ہے۔

کشمیر میں اس موسم کی اپنی نئی اور انوکھی شان ہوتی ہے۔سب سے پہلے یمبرزل کے پھول کھلتے ہیں۔پھر بیدمشق کے ہرے نیلے پھول اپنی رنگینی اور حسن کو پیش کرتے ہیں۔اس کے بعد بادام کے شگوفے کھلتے ہیں،ہر طرف مادام کے درختوں کی ٹہنیوں پر سفید اور گلابی پھول دل کو لبھاتےہیں۔یہ پھول جب سیزے پر گرتے ہیں تو یوں معلوم ہوتا ہے گویا سبز قالین پر بیل بوٹوں کا جال بنا ہوا ہے۔بادام واری میں میلہ لگتا ہے ،بڑی رونق اور چہل پہل ہوتی ہے۔پھولوں کی خوشبو سے ساری وادی معطر ہو جاتی ہے۔شبنم کے قطرے سبز گھاس پر موتیوں کی طرح دیکھائی دیتے ہیں۔

صبح کی ہوا کے جھونکے انسان کے دل و دماغ میں تازگی پیدا کرتے ہیں۔انسان تھکاوٹ محسوس نہیں کرتا۔دور دور سے سیّاح موسم بہار سے لطف اندوز ہونے کے لیے آتے ہیں اور انکے آنے سے ہمارے کاروبار کو فروغ ملتا ہے۔

صبح کے وقت باغوں میں چلنا پھرنا سہانا معلوم ہوتا ہے۔آنکھیں طراوت اور دل سرور محسوس کرتے ہیں۔باغوں میں صبح کے وقت ایک روحانی کیفیت معلوم ہوتی ہے۔ہر باغ خوشبو سے مہکتا ہے، باغوں میں مردوں اور عورتوں کی ٹولیاں نظر آتی ہیں۔جلوہ قدرت کا مشاہدہ کرنا ہو تو باغوں مرغزاروں میں ہو سکتا ہے۔پرندے میٹھے میٹھے راگ خدا کی تعریف میں گاتے ہیں۔شاعروں نے بہار کی تعریف میں بہت نظمیں لکھی ہیں۔عرفی اکبر کے دربار کا شاعر کشمیر میں اسی موسم میں آیا تھا اور یہاں کی آب و ہوا دیکھ کر یہ شعر کہنے پر مجبور ہوا تھا۔

ہر سوختہ جانے کہ بہ کشمیر در آید
گر مرغ کباب است کہ بہ بال و پر آید

اسی طرح جہانگیر نے بھی کہا تھا۔

اگر فردوس بروئے زمین است
ہمیں است و ہمیں است و ہمیں است

غرض اس موسم کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔انسانی زندگی میں راحت اور خوشی کا پیغام لانے والا موسم،موسم بہا رہی ہے۔