اپنے شہر کے میونسپلی کے ایڈمنسٹریٹر کو خط لکھیں اور شاپنگ بیگ کے نقصانات سے آگاہ کرتے ہوئے انھیں تلف کرنے کی تجاویز دیں۔

0
محترم میونسپل ایڈمنسٹریٹر
السلام علیکم!
امید ہے آپ بخیر و عافیت ہونگے۔ اس خط کے ذریعے میں آپ کی توجہ ایک ایسے اہم مسئلے کی جانب مبذول کروانا چاہتا ہوں جو ہمارے معاشرے میں بڑھتی آلودگی کی ایک اہم وجہ ہے۔ آپ جانتے ہیں معاشرے میں بڑھتی آلودگی انسانوں کے لیے کئی طریقوں سے نقصان دہ ہوتی ہے۔ زمینی آلودگی جہاں ٹریفک اور بدبو کا باعث بنتی ہے وہیں اس آلودگی کی وجہ سے جراثیم بھی تیزی سے پھیلنے لگتے ہیں۔ فضائی آلودگی کی وجہ سے انسان کو صاف ہوا تک میسر نہیں ہوتی اور آبی آلودگی آبی جانداروں کی زندگیوں کے لیے خطرہ ہے۔
جنابِ عالی میں آپ کی توجہ جس مسئلے کی جانب مبذول کروانا چاہتا ہوں وہ ان تینوں آلودگیوں کی ایک اہم وجہ ہے۔ ہمارے معاشرے میں شاپنگ بیگ کا استعمال روز بروز بڑھتا جارہا ہے۔ ایک مرتبہ یہ پلاسٹک کا شاپنگ بیگ استعمال کیا جاتا ہے اور پھر سالوں تک یہ بیگ بطورِ کچرا اس دنیا میں موجود رہ کر آلودگی کو بڑھانے کا باعث بنتا ہے۔ اگر اس شاپنگ بیگ کے استعمال کو بند کر کے تمام لوگوں کو پابند کیا جائے کہ وہ کپڑے کا شاپنگ بیگ استعمال کریں تو اس سے نہ صرف آلودگی کم ہوگی بلکہ لوگوں کو خرچ بھی کم ہوگا کیونکہ کپڑے کا بیگ بار بار استعمال کیا جاسکتا ہے۔
مجھے امید ہے آپ میری تجویز پر غور کریں گے اور اس مسئلے پر مناسب کاروائی کریں گے۔
شکریہ
آپ کا وفادار
ا – ب – ج