Advertisement

محترم صدر، میرے اساتذہ کرام اور میرے ساتھیوں السلام علیکم!!

Advertisement

آج مجھے جس موضوع پر لب کشائی کا موقعہ ملا ہے وہ اس دن کے متعلق ہے جب تمام طلبہ کو ان کی سال بھر کی محنت یا پھر شرارتوں کے نتائج کا سامنا ہوتا ہے۔

جی میں بات کررہا ہوں ہمارے سالانہ نتائج کا اعلان ہونے والے دن کی۔ جب کچھ طلبہ تو نہایت اکڑ کر اپنے نتائج اپنے والدین کو دکھاتے ہیں، کچھ ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہیں جب کہ بہت سے طلبہ شرمندہ اور اداس بھی نظر آتے ہیں۔

جناب عالی یہ بھی المیہ ہے کہ ہمارے نتائج کا اعلان طلبہ کی ذہنیت کو مدِ نظر رکھ کر نہیں بلکہ ان کے یاد کرنے کی صلاحیت کو مدِ نظر رکھ کر کیا جاتا ہے۔ وہی استاد بچوں کو سارا سال پڑھاتا ہے، وہی امتحان لیتا ہے اور وہی استاد طلبہ میں درجات تقسیم کردیتے ہیں۔۔ اور کچھ طلبہ تو ٹیوشن بھی ان ہی اساتذہ سے پڑھتے ہیں اور پھر نتائج آنے کے بعد مزہ تو تب آتا ہے جب دوم درجے پر آنے والا طالب علم دسواں درجہ حاصل کرنے والے سے زیادہ دکھی نظر آتا ہے۔

اس روز اول، دوم اور سوم آنے والے طلبہ ہی زیادہ تر گھبرائے نظر آتے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ میرے ساتھ بھی ہوا تھا جب آٹھویں جماعت میں میرا نام پکارا گیا اور مجھے یقین نہ آیا تھا کہ واقعی میں اس بار اول درجے پر آیا ہوں۔ ایسا تو نہیں کہ میں اچھا طالب علم نہیں لیکن اس وقت کی کیفیت کو بیان کرنا خاصہ مشکل امر ہے۔

Advertisement

میرے ساتھیو اس دن ہمارے پریشان ہونے سے کچھ نہیں ہوسکتا بلکہ ہمیں چاہیے کہ سارا سال محنت کریں تاکہ اس روز پُرسکون ہوں اور اس دن ہمیں شرمندہ نہ ہونا پڑے بلکہ ہمارے والدین کو علم ہو کہ ہم نے محنت کی تھی۔ میں والدین سے بھی عرض کرنا چاہوں گا کہ آپ کی اولاد کو کبھی کسی سے مت ملائیں۔ آپ کی اولاد اگر محنت کررہی ہے تو یہی ان کی اور آپ کی کامیابی ہے اس لیے محنت پر دھیان دینا چاہیے نہ کہ نمبروں پر، یہی ہماری جیت ہے۔

جناب آخر میں بس یہ ہی کہنا چاہوں گا کہ یہ امتحان بلاشبہ اہمیت کے حامل ہیں لیکن ان نتائج کی بنا پر طلبہ کی صلاحتیوں کا اندازہ لگانا سرا سر ناانصافی ہے اور پھر طلبہ کو ڈانٹنا، ان کے ہنر کو نہ ماننا بھی ان طلبہ کے ساتھ زیادتی ہے۔

ہمیں اس بات کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہر شخص ڈاکٹر یا انجینئر نہیں بن سکتا بلکہ اس کے علاوہ بھی بہت سے شعبے ہیں اور پڑھائی کی اہمیت سے منع نہیں لیکن پڑھائی انسانی زندگی کی پہلی ترجیح نہیں بلکہ دین ، اندرونی سکون، رشتہ دار اور خاندان ہماری ترجیحات میں شامل ہونا ضروری ہے تب ہی ہمارا معاشرہ کامیاب ہوسکے گا اور ہم لوگ پُرسکون زندگی گزار سکیں گے۔

ہمیں چاہیے ہم دنیاوی تعلیم کی اہمیت کو جانتے ہوئے دینی تعلیم کو بھی ساتھ لے کر چلیں اور علم حاصل کرنے کے لیے پڑھیں نہ کہ مقابلہ کرنے کے لیے ، تب ہی ہم کامیاب ہوسکیں گے۔
شکریہ