Speech On Holy Quran In Urdu

0
رہبر و رہنما۔۔۔قرآن پاک
آں کتاب زندہ قرآن حکیم
حکمت اولا یزال است قدیم

السلام علیکم!! صدر محترم معزز حاضرین گرامی!
آج میں اپنے ان مسلمان بھائیوں کے سامنے متبرک وبابرکت کتاب الہیٰ یعنی قرآن مجید فرقان حمید کے موضوع پر اپنی بساط کے مطابق کچھ عرض کروں گا۔

صدر محترم!
سارا عالم جانتا ہے کہ قرآن پاک ایک ایسی مقدس کتاب ہے جو اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب پیغمبر حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پر نازل فرمائی۔ قرآن پاک پوری دنیا میں سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب ہے۔ قرآن پاک ایک ایسی مقدس الہامی کتاب ہے جو قاری کو اپنے انسان مطلوب سے متعارف کراتا ہے اور اپنے انسان مطلوب کو مخالف عنصرکے بالمقابل مختلف زبانوں میں ایک مخصوص کردار ادا کرتے ہوئے دکھاتا ہے۔ قرآن پاک ہی انسان کے شعور کو اس کے روحانی جذبات کو اس کی دنیوی خواہشات اور اس کے اخلاقی معاملات غرض پورے انسان کو حرکت لے آتا ہے۔

صدر مکرم!
خدا تعالیٰ کے محبوب پیغمبر تاجدار مدینہ سرور کونین سے قرآن پاک کی عظمت اور بھی واضح ہوجاتی ہے۔ قرآن کی تعلیمات علم کا سرچشمہ اور دلوں کی بہار ہے انہیں سمجھنا ضروری ہے۔ حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں : “قرآن ایک ہے اور یک ہی ذات کی طرف سے آیا ہے اور میں قرآن وسنت کی اتباع کرنے والوں میں ہوں۔ میں اپنی طرف سے بدعت ایجاد کرنے والا نہیں۔”

شیر خدا حیدر کرار ابوتراب مولائے کائنات باب العم سیدنا علی ابن ابی طالب علیہ سلام فرماتے ہیں : “جس نے قرآن کو سمجھا اس کے ہاتھ میں سارے علوم کی کنجی ہے۔”

شاعر مشرق حضرت علامہ اقبال رح فرماتے ہیں کہ :
“قرآن پاک کی تلاوت کثرت سے کرنی چاہیے تاکہ قلب محمدﷺ نسبت پیدا ہو۔ قرآن پاک ہی نے بشر کو صداقت الفت قناعت صبر عدل وانصاف محبت و مروت جو دوسخا عفو و درگزر جیسے ضابطہ اخلاق سے نوازا ہے اور قرآن پاک ہی دنیا کے گھٹا ٹوپ اندھیروں میں وہ روحانی قندیل ہے جس کی روشنی میں دنیا و آخرت کے تمام حقائق ہمارے سامنے آجاتے ہیں۔”

جناب والا!
قرآن ہی وہ واحد الہامی کتاب ہے جس کی حفاظت کا ذمہ خود خدا نے لیا ہے۔ اللہ تعالیٰ قرآن پاک ہی میں ارشاد فرماتا ہے کہ :
“ہم نے ذکر یعنی قرآن اتارا ہے اور ہم ہی اس کی حفاظت کریں گے۔”

ایک اور جگہ پر اللہﷻ نے فرمایا ہے کہ :
“اس کتاب کا جمع کرنا اور پڑھنا ہمارے ذمے ہے”

اور یہ حقیقت ہے یوں بھی روز روشن کی طرح ہم سب پر عیاں ہے کہ قرآن پاک دوسری الہامی کتب کے برعکس آج بھی اپنی اصل شکل میں ہے۔

آپﷺ نے فرمایا:
“تم میں سے بہتر وہ شخص ہے جو قرآن سیکھتا ہے اور سکھاتا ہے۔”
قرآن مجید وہ عظیم ترین کتاب ہے جو ہر لحاظ سے بےمثل ہے۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے : “کہہ دے کہ اگر انس و جن جمع ہو جائیں اور کوشش کریں کہ اس قرآن کی مثل بنا لائیں تو وہ ہرگز اس کی مثل نہ بنا سکیں گے خواہ وہ دوسرے مددگار بن جائیں۔”

صاحب صدر!
میں ان الفاظ کے ساتھ اپنی تقریر ختم کرنے کی اجازت چاہوں گا کہ ایک بہترین زندگی کا راز قرآن کی تعلیمات میں پوشیدہ ہے۔
اللہ ہم سب کو قرآن پڑھنے سیکھنے اور سیکھانے کی توفیق عطا فرمائے۔
آمین ثم آمین
آپ سب کی سماعتوں کا شکریہ