Speech on Falsafa e Khudi in Urdu

0
خودی کیا ہے راز دورانِ حیات
خودی کیا ہے بیدارئی کائنات
ازل اس کے پیچھے ابد سامنے
نہ حد اس کے پیچھے نہ حد سامنے
زمانے کی دھارے میں بہتی ہوئی
ستم اس کی موجوں کے سہتی ہوئی
ازل سے ہے یہ کشمکش میں اسیر
ہوئی خاک ِ آدم میں صورت پزیر
خودی کا نشیمن ترے دل میں ہے
فلک جس طرح آنکھ کے تل میں ہے

معزز سامعین جناب صدر میری تقریر کا عنوان ہے اقبال کا فلسفہ خودی۔
’خودی‘ فارسی زبان کا لفظ ہے جو لغوی اعتبار سے انانیت، خود مختاری، خود غرض اور غرور و تکبر کے معنوں میں استعمال ہوتا ہے۔ خودی کا لفظ اقبال کے پیغام یا فلسفۂ حیات میں تکبر و غرور کے معنی میں استعمال نہیں ہوا ہے بلکہ اقبال کے نزدیک خودی نام ہے احساس غیرت مندی کا، جذبہ خودداری کا اور دوسروں کا سہارا تلاش کرنے کے بجائے اپنی دنیا آپ پیدا کرنے کا۔

محمد اقبال کا پیغام یا فلسفۂ حیات کیا ہے اگر چاہیں تو اس کے جواب میں صرف ایک لفظ ”خودی“ کہہ سکتے ہیں اس لیے کہ یہی ان کی فکر و نظر کے جملہ مباحث کا محور ہے اور انہوں نے اپنے پیغام یا فلسفۂ حیات کو اسی نام سے موسوم کیا ہے۔ اس محور تک اقبال کی رسائی ذات و کائنات کے بارے میں بعض سوالوں کے جوابات کی تلاش میں ہوئی ہے۔

انسان کیا ہے؟ کائنات اور اس کی اصل کیا ہے؟
آیا یہ فی الواقع کوئی وجود رکھتی ہے یا محض فریب نظر ہے؟
اگر فریب نظر ہے تو اس کے پس پردہ کیا ہے؟
اس طرح کے اور جانے کتنے سوالات ہیں جن کے جوابات کی جستجو میں انسان شروع سے سرگرداں رہا ہے۔ اس طرح کے سوالات جن سے انسان کے وجود کا اثبات ہوتا ہے۔ اردو شاعری میں اقبالؔ سے پہلے غالبؔ نے بھی اُٹھائے تھے۔

جناب والا!
اس فلسفے میں خدابینی و خودبینی لازم و ملزوم ہیں۔ خود بینی، خدابینی میں سے خارج نہیں بلکہ معاون ہے۔ خودی کا احساس ذاتِ خداوندی کا ادراک اور ذاتِ خداوندی کا ادراک خودی کے احساس کا اثبات و اقرار ہے۔ خدا کو فاش تر دیکھنے کے لیے خود کو فاش تر دیکھنا از بس ضروری ہے۔
کیا خوب کہا ہے اقبال نے؀

خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے
خدا بندے سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیا ہے

اقبالؔ جس دور میں پیدا ہوئے وہ مسلمانوں کے لئے آزمائش کا دور تھا۔ مغل سلطنت غلامی میں جکڑی جا چکی تھی اور مسلمان شرمندگی اور کشمکش میں مبتلا تھے۔ یہ وہ دور تھا جب برّصغیر کا مسلمان ذہنی ایذا کا شکار تھا۔ اپنی رفعت و مرتبے کے چھن جانے کے بعد وہ بھلا بیٹھا تھا کہ بحیثیت مسلمان اس کی عظمت کیا ہے اور اس کا دین اس کو کیسا دیکھنا چاہتی ہے۔ نتیجتاً مسلمانوں میں انتشار اور تفریق نے ان کو کئی طبقوں میں بانٹ دیا۔

اقبال نے خودی کو بطور نظریہ پیش کیا۔ زندگی کے ہر پہلو میں اس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ہر عمر کے فرد کے لیے اس کو لازمی قرار دیا۔ خاص کر کہ نوجوان طبقہ جس کو آنے والے نسل کی ڈور سنبھالنی تھی۔
ابھی جستجو اور علم کے کئی مراحل سے گزر کر ہی یہ ممکن ہے کہ ہم انسان بن سکیں اور فلسفہ خودی کو جان سکیں۔

خودی کی یہ ہے منزل اولیں
مسافر یہ تیرا نشیمن نہیں
تری آگ اس خاکداں سے نہیں
جہاں تجھ سے تو جہاں سے نہیں!

آپ سب کی سماعتوں کا شکریہ۔