Speech On Value of Time in Urdu

0

وقت کی اہمیت۔۔۔۔ صاحب و صدر اور میرے عزیز ساتھیو! آج میں آپ کے سامنے جو تقریر پیش کر رہا ہوں اس کا عنوان ہے: وقت کی پابندی جناب والا! آج کے دور میں وقت کی پابندی ہی انسان کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے۔ وقت کی پابندی کا مطلب ہے کہ ہر کام کو مقررہ وقت پر سرانجام دیا جائے۔

جو لوگ وقت کی قدر و قیمت جانتے ہیں وہ اپنی زندگی کا ایک لمحہ بھی ضائع نہیں جانے دیتے۔ گزرے ہوئے وقت کا افسوس کرنا اور جو فارغ وقت میسر ہو اس سے فائدہ حاصل نہ کرنا پرلے درجے کی نادانی ہے۔ جو لوگ وقت کی پابندی کرتے ہیں وہ دنیا میں کامیاب و کامران ہوتے ہیں۔

میرے ساتھیو! وقت ایک بیش بہا دولت ہے۔ وقت ایک ایسی نعمت ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں۔ دنیا کا کل مال و زر محنت سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔علاج معالجہ اور عمدہ خوراک سے کھوئی ہوئی صحت دوبارہ مل سکتی ہے۔ کاروبار میں نقصان اٹھانا پڑجائے تو اس کی تلافی بھی ممکن ہوسکتی ہے لیکن جو وقت ایک مرتبہ گزر گیا وہ کمان سے نکلے ہوئے تیر اور منہ سے نکلی ہوئی بات کی طرح کسی قیمت پر واپس نہیں لایا جا سکتا۔

ایک مژل مشہور ہے کہ ؀گیا وقت پھر ہاتھ آتا نہیں؀ جناب صدر! وقت کی پابندی ایک سنہری اصول کی حثیت رکھتی ہے۔اس اصول پر کاربند رہنے والے لوگ زندگی کے ہر میدان میں کامیاب ہوتے ہیں،اگر ہم غور کریں تو پورا کائنات کا نظام ہی وقت کی پابندی کا درس دیتا ہے۔دن اور رات اپنے وقت پر آتے اور جاتے ہیں۔موسم اپنے مقررہ وقت پر تبدیل ہوتے ہیں، سورج اپنے مقررہ وقت پر طلوع و غروب ہوتا ہے۔فطرت کے ان عناصر میں کبھی کوئی بےقائدگی دیکھنے کو نہیں آئی۔

جناب صدر! ہمارے مذہب میں بھی ہمیں وقت کی پابندی کا احساس دلایا ہے اور مسلمان کو پانچ وقت نماز، ماہ رمضان میں روزہ کی سحری اور افطاری نیز حج وغیرہ تمام دینی فرائض اپنے وقت پر ادا کیئے جاتے ہیں۔کامیاب زندگی بسر کرنے کے لئے ہر کام میں وقت کی پابندی کرنا نہایت اہم ہے۔

پیارے ساتھیو! وقت کی پابندی زندگی کے ہر شعبے میں ضروری ہے۔دنیا کا کوئی شخص خواہ وہ کسی بھی پیشے سے تعلق رکھتا ہو جب تک وقت کا پابند نہیں ہوگا تب تک کامیابی اس سے دور رہے گی۔کسان کو دیکھ لیں اگر وہ صحیح وقت پر فصل کے لیے زمین پر بیچ نہ بوئے تو نظام سارا کا سارا خراب ہو جائے۔مزدور اپنے طے شدہ وقت پر کام پر نہ جائے تو تاجر، دکاندار وقت کی پابندی نہ کریں تو ان کی معاشی کا دروازہ بند ہو جائے۔

محترم صدر! ہم طالب علم ہیں اور میرے خیال میں ایک طالب علم کے لیے وقت کی پابندی جس قدر ضروری ہے شاید کسی اور کے لئے اتنی ضروری نہیں ہے۔۔۔ جو طالب علم اپنے مقررہ وقت پر صبح سویرے اٹھتا ہے۔ وقت پر اسکول جاتا، سکول کا کام باقاعدگی سے کرتا ہے، اس کے کھانے، سونے اور کھیلنے کے اوقات مقرر ہیں وہ جسمانی طور پر صحت مند رہتا ہے۔ وہ تعلیمی میدان میں بھی دوسروں سے آگے نکل جاتا ہے۔اس کے برخلاف جو طالب علم وقت کی پابندی سے آزاد رہتے ہیں، وہ دنیا میں بالکل ترقی نہیں کرسکتے۔ لہذٰا دنیاوی و آخروی زندگی کو کامیاب بنانے کے لئے ضروری ہے کہ ہم سب وقت کی پابندی کریں۔ اگر ہم وقت کی پابندی کریں گے تو یقیناً اپنے ملک و قوم کا نام پوری دنیا میں روشن کردیں گے اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ آپ سب کی سماعتوں کا شکریہ.