Speech on Beauty of Pakistan in urdu

0

السلام علیکم
محترم صدرِ عالی وقار آج جس موضوع پر لب کشائی کا موقعہ ملا ہے اس کا تعلق میرے پیارے اور ہر دلعزیز وطن پاکستان سے ہے۔ آج میرا عنوان ہے پاکستان کی خوبصورتی۔

عزیز سامعین!!
آپ سب کی توجہ درکار ہے میں اپنی تقریر کا آغاز پاکستانی سرزمین کی چند مخصوص خوبصورت تفریح گاہوں کے تعارف سے کرنا چاہوں گا۔
پاکستان ایک ایسا ملک ہے جس کو اللہ تعالی نے متنوع جغرافیہ اور انواع و اقسام کی آب و ہوا دی ہے۔ پاکستان میں مختلف لوگ،مختلف زبانیں اور علاقیں ہیں جو پاکستان کو بہت سے رنگوں کا گھر بنا دیتے ہیں۔ پاکستان میں ریگستان، سرسبز و شاداب علاقے، میدان، پہاڑ، جنگلات، سرد اور گرم علاقے، خوبصورت جھیلیں، جزائر اور بہت کچھ ہیں۔ یہی تو وجہ ہے کہ سال 2012 میں پاکستان نے اپنے طرف 1 ملین سیاحوں کو مائل کیا۔

جناب عالی ہم مری کے پہاڑوں کی بات کریں یا کسی سڑک کنارے بہتے کسی آبشار کی ، ہم کے-ٹو کی چوٹی کا تصور کریں یا سیف الملوک جھیل کا ، ہم صحرا کے فوراً بعد شروع ہوتی کسی ہریالی کی جانب نظر دوڑائیں یا برف میں چھپے پہاڑ کی جانب ، ہمارا پاکستان ہمیں ہر مرتبہ خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ملے گا۔

عزیز سامعین!!
قدرت نے پاکستان کو ہر موسم کی خوبصورتی بھی عطا کی ہے۔ کئی ممالک سورج کی کرنوں کی قلت کا شکار ہیں تو کئی ممالک میں مہینوں سردی کا راج یا گرمی کی بادشاہی پائی جاتی ہے۔ جب کہ پاکستان جہاں گرمی کا شکار ہوتا ہے وہیں پاکستان کے پاس سردی کا موسم بھی ہے۔ جہاں پاکستان میں موسمِ بہار میں پھول کھلتے ہیں وہیں موسم خزاں کی خوبصورتی بھی بےمثال ہوتی ہے۔

میرے عزیز ساتھیو پاکستان کو قدرت نے ہر قسم کی خوبصورتی سے نوازا ہے۔ ضرورت ہے تو صرف تفریحی مقامات کی تراش خراش کی اور وہاں پر ضروری انتظامات کرنے کی جو ہماری حکومت پر منحصر ہے کہ وہ کب اور کیسے کرے۔

بلوچستان جو بلحاظ رقبہ پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے،بلوچستان ہر قسم کی قدرتی وسائل سے مالا مال ہے تاہم چونکہ یہ خطہ زیادہ تر خشک علاقے پر مشتمل ہے اس لیے سیاحت کے نظام کو زیادہ فروغ نہ مل سکا۔ البتہ چند مقامات قابل سیاحت ہیں جن میں گوادر بندرگاہ، گوادر ساحل، زیارت اور کوئٹہ شہر شامل ہیں۔

پاکستان کے دیگر شمالی علاقہ جات کی طرح قدرت نے خیبر پختونخوا کے شمالی اور مشرقی حصے میں خوبصورت نظارے پیدا کیے ہیں۔ خیبر پختونخوا کا شمالی حصہ خوبصورت سرسبز وادیوں اور قدرتی خطوں پر مشتمل ہے جہاں لوگ سیر و تفریح کے لیے بڑی تعداد میں آتے ہیں۔

یہاں چند اہم سیاحتی مقامات جن میں کمراٹ، کالام، کاغان، ناران، تربیلہ بند، سیدگئی جھیل، آنسو جھیل، جھیل سیف الملوک، کنڈول جھیل، پائے جھیل، سری جھیل، مہوڈنڈ جھیل، تخت بھائی، دریائے پنجکورہ، ایوبیہ نیشنل پارک، چترال گول نیشنل پارک، سیف الملوک نیشنل پارک، بروغل نیشنل پارک، شیخ بدین نیشنل پارک شامل ہیں۔

پنجاب پاکستان کا ایک صوبہ ہے جو ملک کے شمال مشرقی حصے میں واقع ہے۔ بلحاظ آبادی سب سے بڑا صوبہ ہے۔ پنجاب میں سیاحت کے بہت سے خوبصورت مقامات موجود ہیں جن میں مری قابلِ ذکر قدرتی صحت افزاء مقام ہے۔ صوبہ پنجاب بنیادی طور پر دو حصوں پر مشتمل ہے شمالی پنجاب اور اور جنوبی پنجاب۔

پنجاب میں سیر وتفریح کے مقامات میں مینار پاکستان، قلعہ لاہور، قذافی اسٹیڈیم، لاہور چڑیا گھر، لاہور عجائب گھر، بھوربن، پتریاٹہ، لاہور چڑیا گھر، انارکلی بازار، لاہور عجائب گھر، قلعہ روہتاس، نور محل، کٹاس، زمزمہ، دریائے راوی، دریائے ستلج، دریائے چناب، دریائے بیاس، دریائے جہلم، کلر کہار، کھیوڑہ کھیوڑہ کی کان، فورٹ منرو، وادی سون سکیسر، صحرائے چولستان شامل ہیں۔

سندھ پاکستان کا ایک صوبہ ہے جو ملک کے جنوب مشرقی حصے میں واقع ہے۔ سندھ میں سیاحت کے بہت سے مقامات موجود ہیں جہاں سیاحوں کا آمد و رفت جاری رہتا ہے۔ خاص کر وادئ سندھ کی تہذیب کا زیادہ تر حصہ موجودہ سندھ میں ہی واقع ہے اس لیے اس تہذیب کے مختلف آثار قدیمہ مقامات سندھ میں موجود ہیں جن میں موئن جو دڑو قابل ذکر ہے
تفریحی مقام میں کراچی شہر، مزار قائد، موہٹہ پیلس، موئن جو دڑو، قومی عجائب گھر پاکستان، کلفٹن ساحل سمندر، کیرتھر نیشنل پارک توجہ کا مرکز ہیں۔

کشمیر جو پاکستان کے شمالی حصے میں واقع ہے،پاکستان کے خوبصورت ترین خطوں میں سے ایک ہے۔ آزاد کشمیر زیادہ تر سرسبز وادیوں اور پہاڑوں پر مشتمل ہے اور قدرت نے خطے کو ہر قسم کے نظارے بخشے ہیں۔
کشمیر میں مشہور سیاحی مقام بنجوسہ جھیل، مظفر آباد شہر، منگلا بند، میرپور شہر، منگلا جھیل، راولا کوٹ، تولی پیر دلچسپی کے حامل ہیں۔

گلگت بلتستان پاکستان کی ایک انتظامی اکائی ہے جو ملک کے شمالی حصے میں واقع ہے۔ گلگت بلتستان پاکستان کے خوبصورت ترین علاقوں میں سے ایک ہے جو زیادہ تر پہاڑی علاقہ ہے۔ گلگت بلتستان میں کے ٹو، گلگت، اسکردو، سدپارہ جھیل، کچورہ جھیل، ژربہ تسو جھیل، دیوسائی نیشنل پارک، بلتورو گلیشیر توجہ کا مرکز ہیں۔

میں پاکستان کی ترقی اور اس کی خوبصورتی کے قائم و دائم رہنے کے لیے دعا گو ہوں۔ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک پر اپنا خاص کرم کریں۔
آمین۔
آپ سب کی سماعتوں کا شکریہ۔