Best Speech On Muharram Ul Haram In Urdu

0

جناب صدر میرے عزیز دوستو! السلام علیکم! آج میری تقریر کا عنوان اسلامی مہینہ محّرم الحرام ہے۔
عالی وقار!

محرم الحرام اسلامی سال کا پہلا مہینہ ہے۔ ‘محّرم’ کا لفط ‘تحریم’ سے بنا ہوا ہے اور تحریم کا لفظ ‘حرمت’ سے نکلا ہے۔ حرمت کے لفظی معنی عظمت،احترام وغیرہ کے ہیں۔ اس بنا پر محّرم کا مطلب احترام اور عظمت والا ہے۔

محّرم اسلامی تقویم کا پہلا مہینہ ہے۔ اسے محّرم الحرام بھی کہتے ہیں۔ اسلام سے پہلے بھی اس مہینے کو انتہائی قابلِ احترام سمجھا جاتا تھا۔ اسلام نے یہ احترام جاری رکھا۔ اس مہینے میں جنگ و جدل ممنوع ہے۔ اسی حرمت کی وجہ سے اسے محّرم کہتے ہیں۔ اس مہینے سے نئے اسلامی سال کا آغاز ہوتا ہے۔ یہ قمری کلینڈر کا پہلا مہینہ ہے۔

صدر عالیٰ وقار!!
محّرم اسلامی چار حرمت والے مہینوں میں سے ایک ہے جن کا تقدس اللہ تعالیٰ نے خود قرآن میں قائم کیا ہے۔ دنیا میں مہینوں کا حساب قمری یا شمسی سسٹم سے لیا جاتا ہے۔ دنیا میں مختلف مذاہب کے ماننے والوں نے اپنے اپنے کیلنڈر بنائے ہوئے ہیں۔ کچھ قمری ہیں تو کچھ شمسی اور کچھ دونوں کا ملغوبہ ہیں جن پر وہ عمل کرتے ہیں۔ اسلامی کیلنڈر کے حساب سے سورج کے غروب ہونے پر دوسرا دن شروع ہوتا ہے جبکہ انگریزی کیلنڈر میں رات بارہ بجے دن ختم ہوتا ہے اور اس کے بعد دوسرا دن شروع ہوتا ہے۔

اس وقت دنیا میں مہینوں ، دنوں کے لیے انگریزی شمسی سسٹم کا کیلنڈر رائج ہے۔ اس میں عیسائی مذہب کے ماننے والے حکمرانوں کا دخل ہے۔ انہوں نے جس جس ملک میں حکومت کی اس ملک کا مذہب، تمدن اور کلچر تبدیل کرنے کی کوشش کی اور اگر اسے پورے طور پر تبدیل نہ کر سکے تو کم از کم اس کا حلیہ تو بگاڑ ہی دیا۔ انگریزی کیلنڈر حضرت عیسیٰ ؑ سے منسوب ہے۔ لیکن اسلام دینِ فطرت ہے لہٰذا اس کے دن مہینے اور سال بھی فطری ہیں۔

ہجری کیلنڈر رسول اللہﷺ کی ہجرت سے منسوب ہے۔ جب رسول اللہﷺ نے صحابہ ؓ کے ساتھ ہجرت کی تو ہجری سال اس عظیم ہجرت کے ساتھ منسوب کر دیا گیا تاکہ رہتی دنیا میں یادگار رہے۔ اسلامی سال محّرم سے شروع ہوتا ہے اور ذلحجہ پر ختم ہوتا ہے۔

جناب والا!
ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
”سال کے بارہ مہینے ہیں جن میں سے چار حرمت والے ہیں ، تین تو مسلسل ہیں ، ذوالقعدہ ، ذوالحجۃ ، اور محّرم ، اور ایک جمادی الثانی اور شعبان کے مابین رجب کا مہینہ جسے رجب المرجّب کہا جاتا ہے۔”

ایک اورجگہ حدیث ہے :
حضورصلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ :
”فرض نماز کے بعد سب سے افضل نماز , نماز تہجد ہے اور رمضان کے بعد افضل روزے محرّم الحرام کے ہیں۔“

ساتھیو!
دس محّرم ہی وہ دن ہے جب زمین و آسمان ، بحروبر اور شجر وحجر کو اللہ تعالیٰ نے پیدا کیا۔ اسی دن آدم علیہ سلام کی پیدائش ہوئی اور اسی دن توبہ قبول ہوئی۔ عاشور کے دن ہی سفینہ نوح کنارے لگا۔اسی دن ابراہیم علیہ سلام کے لئے آگ گل گلزار اور باغ بہار بنائی گئی۔ اسی دن حضرت ایوب علیہ سلام بیماری سے صحت یاب ہوئے۔ یہی مقدم مہینہ ہے جب عیسیٰ ابن مریم کی پیدائش ہوئی۔ اسی مہینہ میں رسالت مآب ﷺ کے نواسہ حسین ابن علی کو شہید کیا گیا۔ اسی دن قیامت برپا ہوگی۔

مجموعی طور پر اس مہینے کی بےشمار فضیلت ہے۔ اللہ ہم سب کو یہ مہینہ پا لینے اور اس کے تقدس وحرمت کو برقرار رکھنے کی توفیق دے۔
آمین ثم آمین۔
آپ سب کی سماعتوں کا شکریہ۔