Speech On Hijab in Urdu

0

السلام علیکم صدرِ عالیٰ وقار!!
آج میری تقریر کا عنوان ایسا ہے جس کی اہمیت سے آپ سب آگاہ ہوں گے اور اس کی ناقدری کے متعلق بھی باخبر ہوں گے۔ آج میرا عنوان ہے  “حجاب” آپ سب کی سماعتوں کا طالب ہوں۔

عزیس سامعین!!
حجاب کے معنی پردہ کرنے کے ہیں۔ حجاب سے مراد یہ ہے کہ عورت اپنے مکمل جسم کو ڈھانپے اور نامحرم کے سامنے بےپردہ ہوکر نہ جائے۔ اسلام ایک مکمل ضابطئہ حیات ہے۔ اسلام نے عورت کو اپنے باپ، بھائی، بیٹے ، مامو ، چاچو ، سسر غرض ہر محرم کے سامنے ستر ڈھانپنے اور نامحرم کے سامنے حجاب کرنے کا حکم دیا ہے۔

جناب والا!
ستر ڈھانپنے سے مراد یہ ہے کہ سر کے بال ، چہرہ ، ہاتھ ، جسم اور پاؤں کو مکمل طور پر ڈھانپا جائے۔ ہمارے معاشرے میں اس قسم کے پردے کو “شرعی پردے” کہا جاتا ہے اور افسوس کے ساتھ شرعی پردہ کرنے والی خواتین آج کے زمانے میں آٹے میں نمک برابر بچی ہیں۔ مزید افسوس تو اس بات کا ہے کہ ان خواتین کی بھی کسی جانب سے  کسی قسم کی حمایت نہیں کی جاتی بلکہ انھیں زیادہ تر مخالفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اکثر سننے میں آتا ہے کہ اسلام زمانے کے ساتھ چلنے کا کہتا ہے اور اسلام آسانی والا دین ہے اس لیے ہم اپنی آسانی دیکھ رہے ہیں لیکن ان لوگوں کو شاید اس بات کا علم نہیں کہ اسلام آسانی والا دین اس لیے ہے کہ وہ سب سے آسان شکل میں موجود ہے۔ اس کی شکل تبدیل ہونے کے بعد آسان نہیں ہوگی البتہ بگڑ ضرور جائے گی۔

عزیز سامعین!!
ایک اور بات کہی جاتی ہے کہ حیا نظروں میں ہونی چاہیے جب کہ ایسے لوگوں سے پوچھنا چاہیے کہ پھر قرآن میں اللہ پاک نے نبی اور مسلمانوں کو مخاطب کر کے ان کی عورتوں سے پردہ کروانے کا حکم کیوں دیا۔

احبابِ کرام!!
ضرورت اس بات کی ہے کہ یہ سمجھا جائے کہ اسلام کوئی قید نہیں بلکہ یہ زندگی کو آسان بنانے کا طریقہ ہے۔ حجاب کرنا دقیانوسی ہونے کے مترادف نہیں کیونکہ کپڑے انسان نے تب پہننے شروع کیے جب اس نے ترقی کی اور حجاب کرنے کے بعد اگر گرمی برداشت نہیں ہوتی تو سوچیں آخرت میں جہنم کی گرمی کو کیسے برداشت کیا جاسکے گا۔

عزیز لوگو!!
سمجھنے کی بات یہ ہے کہ حجاب مسلمان عورت کی پہچان ہے نہ کہ عورت کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ۔ اکثر اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ کئی خواتیں حجاب کرتی ہیں لیکن کسی بڑے ایونٹ یا فنکشن پر فیشن کی خاطر حجاب چھوڑ دیتی ہیں۔ حالانکہ یہ زیادہ غلط حرکت ہے کیونکہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس روز اللہ کو چھوڑ کر نفس کو چنا گیا۔ جب کہ ہمیں چاہیے کہ اللہ کی رسی کو تھامنے کے بعد اسے چُھوٹنے نہ دیں۔

اس دعا کہ ساتھ آپ سب سے اجازت چاہوں گا کہ اللہ پاک تمام مسلمان خواتین کو حجاب کرنے اور اسلام پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائیں۔ آمین۔
آپ سب کی سماعتوں کا بہت بہت شکریہ۔